POONCH MIRROR

An Independent Urdu & English News Portal

پونچھ کی اہم تجارتی منڈیوں میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ متحرک:حاجی مارکیٹ اور ٹنڈن مارکیٹ میں غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے لیے 7 روزہ الٹی میٹم جاری

پونچھ کی اہم تجارتی

پونچھ (خصوصی نمائندہ):ضلع پونچھ میں عوامی راستوں کی بحالی اور شہری نظم و نسق کو مؤثر بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے حاجی مارکیٹ اور ٹنڈن مارکیٹ میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس و تحصیلدار حویلی پونچھ، اظہر مجید (جے کے اے ایس) کی جانب سے ایک تحریری نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ دکانداروں اور جائیداد مالکان کو سات دن کے اندر تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔نوٹس کے مطابق انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی تھی کہ بعض دکان داروں اور مالکان نے اپنی دکانوں اور املاک کو مقررہ قانونی حدود سے باہر بڑھا لیا ہے، جس کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے بلکہ میونسپل اور ریونیو قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔انتظامیہ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر غیر مجاز تجاوزات رضاکارانہ طور پر نہیں ہٹائی گئیں تو بلا کسی مزید نوٹس کے متعلقہ تعمیرات کو زبردستی منہدم یا ہٹا دیا جائے گا۔ مزید یہ کہ کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے سامان اور انہدامی کارروائی پر آنے والے تمام اخراجات نادہندگان سے وصول کیے جائیں گے۔نوٹس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ یہ اقدام کسی فردِ واحد کے خلاف نہیں بلکہ وسیع تر عوامی مفاد میں اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ بازاروں میں آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے، شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔انتظامیہ کے اس فیصلے کو شہری حلقوں میں مجموعی طور پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دکانداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار کارروائی سے بچنے کے لیے مقررہ وقت کے اندر ازخود تجاوزات ہٹا کر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

See also  Over 200 Women Participate in Gender Sensitisation Workshop in Poonch Under JKCIP Project

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *