POONCH MIRROR

An Independent Urdu & English News Portal

سرنکوٹ میں کانگریس کارکنان کا ماہانہ اجلاس: یو ٹی و ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے، عوامی مسائل پر شدید تشویش حکومتِ جموں و کشمیر سے انتخابی وعدے پورے کرنے اور پونچھ میں جی ایم سی کے قیام کا مطالبہ

سرنکوٹ میں کانگریس

سرنکوٹ// کانگریس پارٹی کے ماہانہ اجلاس کا انعقاد آج ڈاک بنگلو سرنکوٹ میں کیا گیا، جس میں سرنکوٹ اسمبلی حلقے سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سرکردہ قائدین، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور ڈی ڈی سی سرنکوٹ شہنواز چودھری نے کی۔اجلاس کے دوران سرنکوٹ اسمبلی حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی سست روی، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور عوام کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کانگریس کارکنان نے متفقہ طور پر یو ٹی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سرنکوٹ کے عوام کو پانی، بجلی، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات سے جان بوجھ کر محروم رکھا جا رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہنواز چودھری نے کہا کہ سرنکوٹ ایک پسماندہ علاقہ ہونے کے باوجود مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی صورت میں عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔اجلاس میں عوامی سطح پر درپیش حساس مسائل، بالخصوص پانی کی قلت، غیر مستحکم بجلی سپلائی، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے معاملات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے جیسے مفت بجلی، راشن، گیس سلنڈر اور روزگار کی فراہمی تاحال پورے نہیں کیے گئے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔کانگریس کارکنان نے حکومتِ جموں و کشمیر کو سخت الفاظ میں یاد دہانی کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتخابی وعدوں کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام کا پُرزور مطالبہ بھی دہرایا گیا، تاکہ خطے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔اجلاس میں پارٹی کو نچلی سطح (گراس روٹ لیول) پر مضبوط کرنے، عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور نوجوانوں کو سیاسی عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ضلع چیف ترجمان ایڈووکیٹ شیراز بجار، بلاک صدور وحید حسین شاہ (سرنکوٹ)، عارف منہاس (بفلیاز)، رشید کسّانہ (لسانہ) سید عارف کاظمی، حاجی رشید کسّانہ، ریٹائرڈ زیڈ ای او ممتاز ، اعظم قاضی ، حاجی اشرف ملک، حاجی محمد اشرف، سابق سرپنچ فضل صاحب، فیض اکبر چوہان، یوتھ لیڈرز شاہ احمد شاہ، آصف بجار، اعجاز چوہان، حازق یعقوب، آفتاب مرزا، اخراز ملک سمیت کثیر تعداد میں کانگریس کے کارکنان و قائدین موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کو ہر فورم پر اٹھاتی رہے گی اور سرنکوٹ کے عوام کو ان کا جائز حق دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

See also  پونچھ: تحصیل منڈی کے اڑائی گاؤں میں آتشزدگی، دو رہائشی مکانات جل کر خاکستر، فائر بریگیڈ نہ پہنچ سکی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *