POONCH MIRROR. 7 JANUARY 2026
سری نگر، 6 جنوری: تنگپورہ بلبل باغ آتشزدگی دارالحکومت سری نگر کے مصروف تجارتی علاقے تنگپورہ بلبل باغ روڈ پر منگل کی شام اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اچانک متعدد گوداموں میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ دور دور سے شعلے اور دھوئیں کے بادل آسمان پر اٹھتے دکھائی دیے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آگ شام تقریباً پانچ بجے کے قریب ایک گودام سے شروع ہوئی، جو لمحوں میں قریبی دیگر گوداموں تک پھیل گئی۔ ان گوداموں میں کارپٹ، فرنیچر، پینٹ، تھرموکول اور دیگر آتش گیر اشیا ذخیرہ تھیں، جس کے باعث آگ نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کرلی۔
اطلاع ملتے ہی جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی متعدد ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کارروائی شروع کی۔ آگ کی شدت کے باعث فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔
ریسکیو کارروائی کے دوران ایک فائر فائٹر کو زہریلے دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری پیش آئی، جسے فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی عام شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے
عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ قریبی رہائشی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ٹریفک کی نقل و حرکت بھی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر لوگوں کو محفوظ فاصلے پر رکھا اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کیا
ابتدائی اندازوں کے مطابق اس آتشزدگی میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے، تاہم نقصان کی حتمی تفصیلات آگ مکمل طور پر بجھائے جانے اور جانچ کے بعد ہی سامنے آسکیں گی
انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ یا حفاظتی اقدامات کی کمی ہو سکتی ہے، تاہم کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے قبل تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔










Leave a Reply