POONCH MIRROR

An Independent Urdu & English News Portal

منڈی کے علاقہ اڑائی موری میں آتش زدگی، دو رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر

مفتی فاروق حسین مصباحی کی قیادت میں جماعتِ اہلِ سنت کا وفد موقع پر پہنچا، متاثرین میں ریلیف تقسیم

منڈی، ضلع پونچھ کے علاقہ اڑائی موری میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں اچانک آتش زدگی کے باعث دو رہائشی مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے، جس کے نتیجے میں متاثرہ خاندانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

arai-mori-aag-hadsa

مقامی ذرائع کے مطابق آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں مکانات اس کی لپیٹ میں آ گئے۔ اہلِ علاقہ نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی اور متعلقہ اداروں کو مطلع کیا، تاہم آگ کی شدت کے باعث مکانات کو بچایا نہ جا سکا اور گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مفتی فاروق حسین مصباحی، نائب صدر جماعتِ اہلِ سنت صوبہ جموں کی قیادت میں جماعت کا ایک وفد متاثرہ مقام اڑائی موری پہنچا۔ وفد نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے دکھ درد میں شریک ہوا اور انہیں اس کٹھن گھڑی میں صبر و حوصلے کی تلقین کی۔

arai-mori-aag-hadsa

اس موقع پر جماعتِ اہلِ سنت کی جانب سے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کی گئی، جس میں روزمرہ ضروریات کا سامان شامل تھا، تاکہ متاثرہ خاندان ابتدائی مشکلات سے کسی حد تک نبرد آزما ہو سکیں۔ وفد نے متعلقہ انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری سرکاری امداد فراہم کی جائے اور ان کے نقصانات کا مناسب ازالہ یقینی بنایا جائے۔

See also  Poonch Observes Complete Shutdown in Solidarity After Iran Confirms Death of Supreme Leader Ayatollah Khamenei

مقامی لوگوں اور متاثرین نے جماعتِ اہلِ سنت اور مفتی فاروق حسین مصباحی کے اس بروقت اور انسانی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں سماجی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے تعاون متاثرین کے لیے حوصلہ اور سہارا بنتا ہے۔

arai-mori-aag-hadsa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *