پُونچھ مِرَر نیوز ڈیسک مارچ 18,2026

ضلع پونچھ کے ممتاز دینی ادارہ دارالعلوم نعیمیہ میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے موقع پر ختمِ قرآن، نمازِ تراویح اور دستاربندی کی ایک نہایت پُروقار، روح پرور اور ایمان افروز تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، حفاظِ عظام، طلبہ اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول روحانیت، عقیدت اور محبتِ قرآن سے لبریز رہا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مختلف علمائے کرام نے رمضان المبارک کی برکات، نمازِ تراویح کی فضیلت اور ختمِ قرآن کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مکمل قرآنِ کریم سنانے والے حافظِ قرآن اور سامعین کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، میر واعظ پونچھ مفتی فاروق حسین مصباحی نے اپنے خطاب میں فرمایا:
رمضان المبارک میں قرآنِ کریم کا سننا اور سنانا عظیم سعادت ہے، اور ہر ختمِ قرآن کے موقع پر ایک دعا اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ضرور قبول ہوتی ہے۔
انہوں نے موجودہ دور میں قرآن سے دوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:ہم نے قرآنِ کریم کو اپنی عملی زندگی سے دور کر دیا ہے، حالانکہ ہماری کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن کو پڑھیں، سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔
انہوں نے نماز میں درست قرأت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ صحیح تلفظ اور تجوید کے ساتھ قرآن پڑھنا نماز کی بنیادی شرط ہے، اس لیے حافظِ قرآن اور ماہر قاری کے پیچھے نماز ادا کرنا نہایت ضروری ہے۔
دیگر مقررین نے بھی اپنے خطابات میں اس امر پر افسوس ظاہر کیا کہ آج کا نوجوان قرآن سے دور ہوتا جا رہا ہے اور بعض لوگ تراویح جیسی اہم عبادت کو بھی معمولی سمجھنے لگے ہیں، جو کہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآنِ کریم کو محض رسم و رواج تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے زندگی کا عملی دستور بنایا جائے۔
مقررین نے دارالعلوم نعیمیہ کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کے منتظمین اور اساتذہ کی شبانہ روز محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ خصوصاً مولانا مدثر حسین قادری اور محمد احمد اشرف نقشبندی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ادارہ علاقے میں قرآنِ کریم کی تعلیم کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
اس موقع پر حافظ عبدالوجید مدنی کی خدمات کا بھی ذکر کیا گیا، جنہوں نے پونچھ میں نمازِ تراویح میں مکمل قرآن سنانے کی روایت کو فروغ دیا، جس کے باعث آج ضلع کے مختلف علاقوں میں یہ سلسلہ عام ہو چکا ہے۔
تقریب میں متعدد جید علمائے کرام نے شرکت کی، جن میں:مولانا شبیر احمد مصباحی، مولانا یاسر مصباحی، مولانا محمد فرید رضوی، مولانا فاروق احمد قادری سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں، جنہوں نے قرآنِ کریم کی اہمیت اور دینی تعلیم کے فروغ پر زور دیا۔
پروگرام کے اختتام پر حفاظِ کرام اور طلبہ کی دستاربندی کی گئی، جبکہ رمضان المبارک کے دوران افطاری کے بہترین انتظامات کرنے والے نوجوانوں کو بھی سراہا گیا اور انہیں تحائف پیش کیے گئے۔تقریب
مدرسہ کے مہتمم مولانا مدثر قادری نے تمام مہمانانِ گرامی، علمائے کرام، حفاظِ عظام اور شرکائے محفل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ:آپ حضرات کی شرکت ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے، اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآنِ کریم کی خدمت اور اس کی اشاعت کا یہ سلسلہ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی فلاح اور قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔









Leave a Reply